اگر آپ خود کو تندرست و توانا رکھنا چاہتے ہیں تو ورزش کی عادت کو ضرور اپنائیے۔ اکثر لوگ خود کو صحت مند
رکھنے کیلئے مختلف قسم کی ورزش اور بھاری بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہیں لیکن اگر آپ تیراکی یا تیرنا جانتے ہوں تو اس سے اچھی ورزش اور کوئی نہیں۔ جب آپ پانی میں تیرتے ہیں تو اس وقت آپکے جسم کے تمام اعضاء خاص طور پر کندھے، بازو اور ٹانگیں حرکت میں ہوتی ہیں۔ ان تمام اعضاء کے مسلسل حرکت میں رہنے سے آپکی ٹانگیں اور کندھے مضبوط جب کہ جسم تر و تازہ ہوجاتا ہے۔ عموماً لوگ تیراکی کیلئے سوئمنگ پول کا ہی انتخاب کرتے ہیں جو کہ میرے خیال سے موجودہ دور میں تیراکی کا ایک اچھااور آسان ذریعہ ہے۔ تیراکی کیلئے بہتر ہے کہ نیم گرم پانی کا استعمال کیا جائے۔ تیرنے کے چند فوائد مندجہ ذیل ہیں۔
پٹھوں کی مضبوطی
تیراکی کرنے سے انسانی جسم کے جس حصے کو سب سے زیادہ فائدہ حاصل ہوتا ہے وہ اسکے پھٹے ہوتے ہیں۔
اگر آپ صیح معنوں میں تیرنا جانتے ہیں تو اس بات کو سمجھنا مشکل نہیں کیونکہ تیرنے والا اسکے فوائد کو بہتر سمجھ سکتا ہے۔ پانی میں تیرنے کیلئے آپکو اپنے دونوں بازووں کو کندھوں سمیت حرکت میں لانا پڑتا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ ہاتھوں کا استعمال بھی ضروری ہوتا ہے کیونکہ آپ پانی کو ہاتھوں سے پیچھے دھکیلتے ہوئے آگے کی طرف جاتے ہیں۔ اس عمل کے دوران آپکے جسم کے پھٹے اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔
ٹانگوں کی مضبوطی
تیرنے کا فائدہ نہ صرف آپکے پھٹوں کو ہوتا ہے بلکہ اسکا فائدہ براہ راست آپکی ٹانگوں کو بھی پہنچتا ہے۔ کیونکہ جب آپ پانی میں تیر رہے ہوتے ہیں تو اس وقت صرف کندھوں کا سہارا نہیں لیا جاتا بلکہ ٹانگوں کا استعمال بھی ضروری ہوتا ہے۔ اگر آپ پانی میں صرف بازوؤں کو ہی گھماتے رہے تو ٹھیک سے نہیں تیر سکیں گے لہذا آپکو ٹانگوں کا استعمال کچھ یوں کرنا پڑے گا کہ دونوں ٹانگیں پانی میں سیدھی کرکے مچھلی کی دم کی طرح چلاتے رہیں۔ ٹانگوں کے اسطرح مسلسل حرکت میں رہنے سے آپ جوڑوں کے درد سے بچ سکتے ہیں کیونکہ تیرنے سے آپکی ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں۔
دل کی حفاظت
یقیناًآپکے ذہن میں یہ سوال ضرور گھوم رہا ہوگا کہ تیرنے سے دل کی حفاظت یا تیرنے سے دل کا کیا تعلق۔۔۔ لیکن اگر یہ کہا جائے کہ تیرنے کا سب سے زیادہ فائدہ جسم کے اندرونی اعضاء بالخصوص دل کو ہوتا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ بات یاد رکھیں کہ تیرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں اور جو افراد تیراکی کو اپنی عادت بناتے ہیں وہ اعصابی طور پر مظبوط ہوتے ہیں۔ جم میں ورزش کرنے سے زیادہ فائدہ تیرنے سے ہوتا ہے۔ جب آپ تیر رہے ہوتے ہیں تب آپکا سینا پانی کے ایک خاص بہاو کو برداشت کررہا ہوتا ہے اور اسی کا فائدہ دل کو بھی ہوتا ہے۔ تیرنے سے دل کی دھڑکن اور دل میں خون کی گردش ٹھیک رہتی ہے۔
وزن پر قابو
بیشتر افراد کا یہ خیال ہے کہ عمومی طور پر پانی انسان جسم کے درجہ حرارت کے مقابلے میں ٹھنڈا ہوتا ہے اسلئے یہ مشکل ہے کہ پانی میں تیرنے سے وزن پر قابو پایا جاسکے۔ لیکن نئی تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ تیرنے سے انسانی جسم میں موجود کیلوریز اور وزن پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ
بریسٹ اسٹروک کے طریقے سے تیرتے ہیں تو یہ آپکے جسم کی 60 کیلوریز کو کم کرے گا، بیک اسٹروک 80، فری اسٹائل 100 اور بٹرفلائے اسٹروک 150 تک جسم کی کیلوریز کو کم کرسکتا ہے۔
کولیسٹرول کی بہتری
جسم میں لیسٹرول کی دواقسام پائی جاتی ہے، ایک ایچ۔ڈی۔ایل اور دوسرا ایل۔ڈی۔ایل کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ایچ۔ڈی۔ایل کو ‘اچھا’ اور ایل۔ڈی۔ایل کو’برا’ کولیسٹرول سمجھا جاتا ہے۔ تیرنے سے جسم میں کولیسٹرول کی اچھی قسم ایچ۔ڈی۔ایل میں اضافہ ہوتا ہے اور اسطرح کولیسٹرول کی یہ قسم دل کی بیماری سے بچاتی ہے۔
تیراکی کے فوائد حاصل کرنے سے پہلے تیرنے کے طریقہ کار کو سمجھنا ضروری ہے۔ یہ فیصلہ کریں کہ آپ کو تیراکی
سے کیا فائدہ حاصل کرنا ہے اور اس کی مناسبت سے تیراکی کے درست طریقے کا تعین کریں ۔ بصورت دیگر تیراکی کے فوائد حاصل کرنا مشکل ہوگا اور کوشش کریں کہ ہفتے میں ایک سے دو دن ضرور تیراکی کرنے جائیں تاکہ جسم تندرت و توانا رہے۔