چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ

 چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤمزے  سے  کھایے

صبح چھ بجے سے مائک کے ذریعے چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ،چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ کی آواز لگنی شروع ہوتی ہے اور دوپہر کے ساڑھے چار بجے تک یہ سلسلہ مسلسل چلتا رہتا ہے،مجھے مدنی روڈ کا تو پتہ نہیں لیکن جب آپ عیدگاہ سے دارالعلوم وقف دیوبند کا راستہ براہ مزار انوری لیں گے تو جامع انور شاہ سے تقریبا یہ سلسلہ شروع ہوتا ہے، آپ کی قوت سماعت سے یہ نہ رکنے والی آوازچکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ،چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ، ٹکرانی شروع ہوجائے گی ،ایسا محسوس ہوگا کہ آپ دارالعلوم نہیں بلکہ آپ کی ریل گاڑی ریلوے اسٹیشن میں داخل ہورہی ہو ایک عجیب سا سماں ہوتا ہے ،قاسمی سمینٹ،قاسمی جوس ،قاسمی کرتا پاجامہ،قاسمی بریانی،قاسمی چکن،قاسمی دہی ،قاسمی چھاچھ ،ویسے دیوبند کا روڈ بھی انتہائی اوبڑ کھابڑ ہے ہر جگہ کھدے ہوئے راستے ،کرپشن کا ثبوت دے رہے ہوتے ہیں۔

بہر حال آپ جب چل رہے ہیں تو آپ کے آگے پیچھے دوچار کتے بھی بالکل آپ سے لگ کر اس طرح چلیں گے ،مانو مارکیٹ پر ان کی ہی گرفت سب سے زیادہ مضبوط ہے،گذرتے ہوئے ہر نکڑ پر کتوں کی ایک مجلس کا سامنا ضرور ہوگا ، چاہے وہ آپ کو دیکھ کر بھونکیں یا نہ بھونکیں لیکن وہ آپ کو اپنی ہمسری کا ثبوت ضرور دیں گے اس لیے چوکنا رہئے ۔ گلیاں ہر وقت طلبہ اور علماء کی آمدورفت سے آباد رہتی ہے لیکن سب سے بڑا لمیہ یہ ہے کہ جگہ جگہ پر ہوٹل ہونے کے باوجود آپ کو صحیح ڈھنگ سے کھانا نصیب نہیں ہوگا ۔وجہ یہ ہے کہ آپ اگر چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤکی آواز پر ہوٹل میں آسانی سے داخل تو ہوجائیں گے لیکن اندرداخل ہوتے ہی بیڑی اور سگریٹ کے دھویں اور چکن فرائی کے بھاپ سے تیارشدہ بدبودار بھبھوکا آپ کا استقبال کرے گا۔

اچھا آپ جس میز پر بیٹھ جائیں گے سامنے دو قسم کے پیالے نظر آئیں گے ایک پیالہ میں بیڑی سگریٹ کی راکھ اور دوسرے پیالے میں ہاتھ دھلا ہوا گندا پانی ،جس پر نظر پڑتے ہی آپ کی بھوک کی قسم خدا کی ماں بہن ہوجائے گی۔یقینا یہ منظر مالکان ہوٹل اور ان میںخوردو نوش کرنے والوں کے ذوق کا ایڈریس دے رہا ہوتا ہے ،بالفرض والمحال اگر آپ ٹیبل پر براجمان ہوہی جاتے ہیں،اور آڈر کرتے ہیں تو ویٹر آپ کا آڈر قبول کرنے کے بعد سب سے پہلے اپنا پچھواڑہ کھجائے گا (راقم الحروف ان چیزوں کا عینی شاہد ہے)اس کے بعد آپ کو چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤیا چھولا پوری جوبھی آپ کا آڈر ہوگا وہ لاکر اس حال میں دے گا کہ اس کی پیشانی سے پسینہ ٹپک رہا ہوتا ہے قسم خدا کی میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ ویٹر اپنا پسینہ پوچھ کرآپ کی چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤمیں ملا کر پیش کرتا ہے ۔

بہر حال اس کا ایک الگ ہی مزہ ہوتا ہے آپ کا ذوق اگر قبول کرے تو کھا کے دیکھ لیجیے گا۔بالکل آپ کے سامنے بیٹھا ہوا شخص یقینا اس وقت بیڑی یا سگریٹ نوشی میں مصروف ہوگا جودھواں بالکل اس وقت آپ کے منہ پر چھوڑے گا جب آپ لقمہ اٹھا کر منہ میں لے رہے ہوں گے اور پھر چکن فرائی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ کی لذت اور اس کمبخت کے بدبودار منہ کا دھواں، دونوں مل کر ایک لازوال لطف صرف دیوبند ہی کے ہوٹلوں میں میسر ہے اور میں نے ایسا منظرقسم خدا کی کہیں نہیں دیکھا ،بیڑی سگریٹ کے دھویں کے ساتھ چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤاس کے ساتھ پسینے کا چھڑکاؤ مفت۔کھائیے مزے سے، چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ،چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ،چکن فرآئی بریانی ۳۰؍روپے پاؤ۔مزید مزاحیہ مضامین کے لیے


ایک تبصرہ شائع کریں

آپ اپنی رائے ضرور لکھیں

جدید تر اس سے پرانی