سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے ایپل کے وائس اسسٹنٹ Siri سے متعلق ایک نئی بحث جاری ہے۔
کچھ ویڈیوز میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جب Siri سے "السلام علیکم" کہا جاتا ہے تو وہ "وعلیکم السلام" کا جواب دیتی ہے، جبکہ "جے شری رام" یا بعض دیگر مذہبی نعروں پر اسی انداز کا جواب نہیں دیتی۔
اسی بنیاد پر بعض ہندوتوا تنظیموں اور سوشل میڈیا صارفین نے ایپل پر الزام لگایا ہے کہ وہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتا ہے لیکن ہندو مذہب سے متعلق یکساں رویہ اختیار نہیں کرتا۔
کچھ افراد نے ایپل کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا، جبکہ دوسرے صارفین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ Siri کے جوابات مختلف زبانوں، کمانڈز اور سسٹم سیٹنگز کے مطابق تبدیل ہوتے ہیں، اس لیے ان ویڈیوز سے کسی جانبداری کا نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث بدستور جاری ہے، تاہم ایپل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔